کیا سورۃ فاتحہ کسی بھی وقت پڑھی جا سکتی ہے ؟
میں نے یہ سنا ہے کہ اس کے لۓ کوئ خاص وقت ہے اس کے علاوہ نہیں پڑہنی چاہیے ، مثلا نماز میں یاپھر جن امور میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ پڑھنے کا حکم دیا ہے ۔
اگرآخری بات صحیح ہے تو آپ سے گزارش ہے کہ آپ وہ اوقات لکھ دیں جن میں سورۃ فاتحۃ پڑھنی مناسب ہے ۔
وہ اوقات جن میں قرآن کریم کی تلاوت جائز ہے
السؤال: 10984
الحمد لله والصلاة والسلام على رسول الله وآله وبعد.
آپ کے لیے یہ جائز ہے کہ جب اورجس وقت چاہیں اور جس حالت میں بھی قرآن کریم یا اس کی کوئ سورۃ پڑھیں ، صرف جنابت کی حالت میں پڑھنا جائز نہیں بلکہ اس وقت قرآن مجید پڑھنا حرام ہے ۔
علی رضي اللہ تعالی بیان کرتے ہیں کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم ہمیں جنابت کے علاوہ ہر حالت میں قرآن مجید پڑھایا کرتے تھے ۔
سنن ترمذی کتاب الطہارۃ حدیث نمبر ( 136 ) امام ترمذي رحمہ اللہ تعالی کہتے ہیں کہ علی رضي اللہ تعالی عنہ والی حديث حسن صحیح ہے ۔
صحابہ کرام اور تابعین عظام میں سے کئ ایک اہل علم کا قول ہے کہ : آدمی وضوء کے بغیر قرآن کی تلاوت کرسکتا ہے ، اور سفیان ثوری ، امام شافعی ، اور امام احمد اور اسحق رحمہم اللہ تعالی کہتے ہیں کہ مصحف سے قرآن کریم کی تلاوت طہارت کی حالت میں ہی کرے ۔
دیکھیں ضعیف سنن ترمذی للالبانی رحمہ اللہ حدیث نمبر ( 22 ) ۔
شیخ الاسلام ابن تیمۃ رحمہ اللہ تعالی کا قول ہے کہ : جنابت کی حالت میں قرآن کریم کی تلاوت کی حرمت پر آئمۃ کرام کا اجماع ہے ۔
کلام اللہ ہونے کی بناپر جنبی حالت میں قرآن کریم پڑھنا اس کی بے ادبی ہے ، اور کلام اللہ کا احترام وادب اور تعظیم کرنا ضروری و واجب ہے ، اور اسی طرح قرآن مجید کو ہراس چیز سے دور رکھا جاۓ جو اس کی کرامت وقداست میں خلل ڈالے اورگندی جگہوں سے بھی دور رکھنا ضروری ہے ۔
اور پھر اس لیے کہ جنبی اپنی جنابت کو جب چاہے دور کرنے پر قادر ہے تو اس لیے اس قرآن کی تلاوت کرنے سے منع کردیا گیا ، لیکن اگر حدث اصغر ( بے وضوء ) ہو تو قرآن مجید کو چھوۓ بغیر پڑھنا جائز ہے ۔
مزید تفصیل کے لیے سوال نمبر ( 10672 ) کا مطالعہ کریں ، اور حالت حیض اور نفاس میں تلاوت کے متعلق سوال نمبر ( 2564 ) کا مطالعہ کریں ۔
مزید تفصیل کے لیے کتاب " توضیح الاحکام " للبسام ( 1 / 309 ) کا مطالعہ کریں ۔
واللہ تعالی اعلم .
المصدر:
الشيخ محمد صالح المنجد