بعض خيراتى تنظيميں ٹھنڈے علاقوں كے لوگوں كے ليے چندہ جمع كرتى ہيں، اور ان كا ماٹو يہ ہوتا ہے مثلا ” سرديوں كے كمبل خريدنے كے ليے ہمارے ساتھ تعاون كريں”
اور پھر وہ اس مال ميں سے كچھ حصہ كمبلوں كى خريدارى كے علاوہ دوسرى اشياء كى خريدارى ميں صرف كرتے ہيں جو وہاں كے فقراء و مساكين كى ضروريات ہوتى ہيں، تو كيا اس كا ايك ہى مقصد ہے ؟
سردى كے ليے كمبل خريدنے ميں ہمارے ساتھ تعاون كريں
سوال: 31771
اللہ کی حمد، اور رسول اللہ اور ان کے پریوار پر سلام اور برکت ہو۔
اولى اور بہتر تو يہ ہے كہ اس تنظيم كو يہ عبارت استعمال كرنى چاہيے” سرديوں كى ضروريات يا سردى سے بچاؤ كى اشياء كى خريدارى ميں تعاون كريں” تا كہ يہ مال كمبلوں، لباس، اور گيس سلنڈر وغيرہ كى خريدارى ميں استعمال ہونے كے قابل ہو.
ليكن وہ مال جو كسى معين اور خاص غرض اور مقصد كے ليے جمع كيا گيا ہو تو اسے اس معين اور محدود غرض كے علاوہ كہيں اور صرف نہيں كيا جا سكتا، ليكن اگر جب كوئى عذر يا مشكل ہو تو پھر ہو سكتا ہے.
اس كى مثال يہ ہے كہ:
ہم نے ايك بستى والوں كے ليے سرديوں كے كمبلوں كے ليے چندہ جمع كيا تو اس ميں سے نصف مبلغ كے ساتھ ہى اس بستى كے كمبل كى خريدارى مكمل ہو گئى، ليكن ان لوگوں كو لباس يا سردى دور كرنے كے ليے ہيٹر وغيرہ كى بھى ضرورت ہے تو بچى ہوئى رقم سے ان كى ضروريات كى اشياء خريدنے ميں كوئى حرج نہيں ليكن اگر عام ہو اور لوگوں كو كمبلوں كى ضرورت ہو تو پھر اس كے علاوہ كسى اور مد ميں صرف كرنا جائز نہيں ہے.
لہذا جو چندہ اور رقم كمبلوں كى خريدارى كا نام لے كر جمع كى گئى ہے تو اسے اس كے علاوہ كسى دوسرى مد ميں صرف كرنا جائز نہيں، ليكن اگر لوگوں كے مابين يہ مشہور ہو كہ سرديوں كے كمبل كا معنى يہ ہے كہ سردى ميں استعمال ہونے والى عام اشياء ہوں، تو پھر كوئى مسئلہ نہيں.
اس ليے اس عبارت اور ماٹو كو بدلنا چاہيے، اور اس كے بدلے ميں يہ كہنا چاہيے: سرديوں كى اشياء” يا اس طرح كى كوئى اور عبارت. انتہى
ماخوذ از كلام شيخ محمد بن عثيمين رحمہ اللہ .
ماخذ:
مرجع: لقاء الباب مفتوح ملاقات نمبر ( 44 )