میں پرائیویٹ سیکٹر کی ایک کمپنی میں کام کرتا ہوں، ہم ماہانہ بنیادوں پر مکمل ہونے والے کام کو تعداد اور پوائنٹس کی صورت میں شمار کرتے ہیں، پھر ان پوائنٹس کو جمع کر کے سالانہ اضافہ یا الاؤنس دیا جاتا ہے، جس ڈیپارٹمنٹ میں میری ڈیوٹی ہے یہ ملازمین کی ذمہ داریوں کا تعین کرتا ہے، دوسرے لفظوں میں ہم لوگ ملازمین کے لیے اہداف اس انداز سے مقرر کرتے ہیں کہ جن کو پورا کرنا اکثر ملازمین کے لیے مشکل ہوتا ہے، ہاں البتہ اگر ملازمین چھٹی کے دنوں میں بھی کام کریں تو ممکن ہے، یا اپنی ڈیوٹی سے قبل اور بعد میں اضافی وقت لگائیں تو تب بھی ممکن ہے، ان دو صورتوں کے علاوہ ممکن ہی نہیں ہے کہ وہ کام پورا کر سکیں۔
یہاں سوال یہ ہے کہ کیا مجھے گناہ ہو گا ، یا میری آمدن میں حرام شامل ہو گا کہ اگر میری ذمہ داریوں میں سے کچھ حصہ مکمل نہ ہوں، واضح رہے کہ یہ نہ مکمل ذمہ داریاں ایسی ہوتی ہیں جنہیں میں اور میرے تمام ساتھی بڑی مشکل سے مکمل کر پائیں گے، انہیں ہم ظاہر تو یہی کرتے ہیں کہ یہ مکمل ہیں، لیکن ان کا معمولی سا حصہ نا مکمل ہوتا ہے، مثلاً: کام کا 90 فیصد حصہ مکمل ہوتا ہے، صرف 10 فیصد نامکمل ہوتا ہے، اس بارے میں ہم نے افسران بالا سے بات بھی کی ہے، لیکن بات کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہوا۔