كيا گدھے كا گوشت كھانا جائز ہے ؟
جنگلى گدھے كى اباحت اور گھريلو گدھوں كى اہميت
السؤال: 85534
الحمد لله والصلاة والسلام على رسول الله وآله وبعد.
جنگلى گدھے كا گوشت كھانا جائز ہے، ليكن گھريلو گدھے كا گوشت كھانا حرام ہے.
جنگلى گدھے كى اباحت كى دليل بخارى اور مسلم كى درج ذيل حديث ہے:
ابو قتادہ رضى اللہ تعالى عنہ نے ايك جنگلى گدھا شكار اور اس كے گوشت كا ايك ٹكڑا نبى كريم صلى اللہ عليہ وسلم كے پاس لائے تو رسول كريم صلى اللہ عليہ وسلم نے اسے كھايا، اور اپنے صحابہ كو فرمايا:
" يہ حلالا ہے اسے كھاؤ "
اور گھريلو گدھا ابتدا ميں تو حلال تھا پھر جنگ خيبر ميں رسول كريم صلى اللہ عليہ وسلم نے اسے حرام قرار ديا.
جابر بن عبد اللہ رضى اللہ تعالى عنہما بيان كرتے ہيں كہ:
" نبى كريم صلى اللہ عليہ وسلم نے خيبر كے دن گھريلو گدھوں كا گوشت كھانے سے منع كيا، اور گھوڑے ميں اجازت دى "
صحيح بخارى حديث نمبر ( 5520 ).
اور ابو ثعلبہ رضى اللہ تعالى عنہ بيان كرتے ہيں كہ:
" رسول كريم صلى اللہ عليہ وسلم نے گھريلو گدھے كے گوشت كو حرام قرار ديا "
صحيح بخارى حديث نمبر ( 5527 ) صحيح مسلم حديث نمبر ( 1936 ).
ابن قدامہ رحمہ اللہ كہتے ہيں:
" اكثر اہل علم گھريلو گدھے كى حرمت كے قائل ہيں امام احمد كہتے ہيں: پندرہ صحابہ كرام نے اسے ناپسند كيا ہے، اور ابن عبد البر كہتے ہيں: گھريلو گدھے كى حرمت ميں آج مسلمان علماء كرام كے درميان كوئى اختلاف نہيں "
ديكھيں: المغنى ( 9 / 324 ).
واللہ اعلم .
المصدر:
الاسلام سوال و جواب