حوضِ کوثر کیا ہے؟ اور اس میں اور نہرِ کوثر میں کیا فرق ہے؟
"حوضِ کوثر ارضِ [محشر] میں نبی صلی اللہ علیہ و سلم کے لیے ایک حوض ہے، اور کوثر جنت کی ایک نہر ہے جس سے دو چھوٹی نہریں ارضِ [محشر] کے اس حوض میں گرتی ہیں، اور اسی حوض کا اللہ نے اپنے نبی صلی اللہ علیہ و سلم سے وعدہ فرمایا ہے۔ اس حوض پر آپ صلی اللہ علیہ و سلم کی امت کے مومن لوگ پانی پینے کے لیے آئیں گے۔ یہ ایک عظیم حوض ہے جس کی لمبائی اور چوڑائی ایک مہینے کے فاصلے کے برابر ہو گی۔ اس حوض پر صرف ایمان والے آئیں گے، اور جو اس میں سے ایک بار پانی پی لے گا، وہ کبھی پیاسا نہیں ہو گا۔ اس کے برتن آسمان کے ستاروں کی تعداد کے برابر ہوں گے، اور اس کا پانی جنت سے آئے گا جو نہرِ کوثر سے نکلتا ہے۔ یہ اس سوال کی تفصیل ہے۔
حوض زمین پر ہو گا اور اس کا پانی جنت سے آئے گا، جبکہ کوثر جنت کی ایک نہر ہے جس کا پانی دو چھوٹی نہروں کے ذریعے اس حوض میں گرے گا، جیسے کہ نبی صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا ہے۔ یہ دونوں چھوٹی نہریں قیامت کے دن اس حوض میں گریں گی، اور آپ صلی اللہ علیہ و سلم کے مومن امتی یہاں سے پانی پینے کے لیے آئیں گے۔
یہاں زمین سے مراد روزِ محشر کی زمین ہے، اور نہر کوثر اب بھی جنت میں موجود ہے، جیسے کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: إِنَّا أَعْطَيْنَاكَ الْكَوْثَرَ ترجمہ: بے شک ہم نے آپ کو کوثر عطا کی ۔ [الکوثر: 1]یہ جنت میں ایک عظیم نہر ہے، اور قیامت کے دن اس سے دو چھوٹی نہریں اس زمین پر گرتی ہوں گی جو قیامت کے دن بدل دی جائے گی اور اس پر لوگ جمع ہوں گے۔" ختم شد